کوئٹہ۔ 25 جون (اے پی پی):جامعہ بلوچستان میں ڈیپارٹمنٹل انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف شعبہ جات کی جانب سے آن لائن رزلٹس کی بروقت اپ لوڈنگ اور طلبہ کو درپیش مسائل، خصوصا سکالرشپ کے حصول میں حائل رکاوٹوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں نشاندہی کی گئی کہ متعدد شعبہ جات نے سمیسٹر کے نتائج آن لائن پورٹل پر اپ لوڈ کر دیے ہیں جبکہ کچھ تاحال تاخیر کا شکار ہیں، جس کے باعث بی ای ای ایف اور دیگر وظائف کے حصول میں طلبہ کو مشکلات درپیش ہیں۔
کمیٹی نے رزلٹس کی بروقت اور مکمل اپ لوڈنگ کو ناگزیر قرار دیا۔اس موقع پر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ایسے شعبوں کو فوری یاددہانی کروائی جائے گی اور آئندہ باقاعدہ طور پر جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ اس عمل میں بہتری لائی جا سکے۔اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں ڈاکٹر نصیب اللہ سیماب، ڈاکٹر عمران نعیم ڈپٹی کنٹرولر سمیسٹر سیل، پروفیسر ڈاکٹر ببرک نیاز، سلال خان ایڈیشنل رجسٹرار، ناصر ریحان ٹریژرر، چاکر خان ڈائریکٹر ایم ایم، محمد عالم انچارج اسٹوڈنٹ فیس، ڈاکٹر کلیم اللہ مندو خیل چیئرمین مائیکروبیالوجی
محمد حسین پروگرامر ،عبدالقاہراور ڈاکٹر عتیق کاکڑ شامل تھے۔اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ طلبہ کی سہولت اور شفاف تعلیمی نظام کے لیے ڈیجیٹل نظام کو مزیدموثر اور فعال بنایا جائے گا۔