مظفر آباد۔ 25 جون (اے پی پی):آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے سینئر افسران کی مدت ملازمت مکمل ہونے کے موقع پر ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق تقریب میں سابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا،سابق سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی، سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، سابق الیکشن کمشنر محمد نسیم شیخ اور آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ کے جملہ افسران،سٹاف و ضلعی افسران نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ریٹائرڈ افسران کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا اور ان کے الیکشن کمیشن میں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ ان افسران نے اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، محنت سے انجام دیں اور الیکشن کمیشن کے وقار کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ریٹائرڈ افسران نے اپنے تجربات اور یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ادارے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے پر اطمینان کا اظہار کیا ،انہوں نے نئے آنے والے افسران کو بہترین خدمات انجام دینے کی نصیحت کی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ریٹائرڈ ہونے والے افسران کی انتظامی خدمات، دیانتداری اور جمہوری عمل میں گرانقدر خدمات کو سراہا۔آخر میں ریٹائرڈ افسران کو ادارے کی طرف سے یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کئےگئے۔