اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ منشیات کی ترسیل کے نیٹ ورکس کو توڑنا اور اس مسئلے کے خاتمہ کے لیے جامع اور مربوط حکمت عملی اختیار کرنا، منشیات کا غلط استعمال اور اس کی غیر قانونی ترسیل ایک عالمی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے مسلسل اور مشترکہ بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے،پاکستان اس لعنت کے خاتمہ کے لیے پرعزم اقدامات کر رہا ہے اور تمام بین الاقوامی و کثیرالملکی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے منشیات کے غلط استعمال اور غیرقانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم منشیات کے غلط استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن منا رہے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اپنی معاشرت سے منشیات کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال کا موضوع ’’زنجیر کو توڑنا: سب کے لیے بچائو اور بحالی‘‘ اس بات پر زور دیتا ہے کہ منشیات کی ترسیل کے نیٹ ورکس کو توڑنا اور اس مسئلے کے خاتمے کے لیے جامع اور مربوط حکمت عملی اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کا غلط استعمال اور اس کی غیر قانونی ترسیل ایک عالمی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے مسلسل اور مشترکہ بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اس لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم اقدامات کر رہا ہے اور تمام بین الاقوامی و کثیرالملکی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات اور غیر قانونی نشہ آور اشیاء نہ صرف عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہیں بلکہ ہماری نوجوان نسل کے مستقبل کو بھی دائو پر لگا دیتی ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت پاکستان منشیات کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، وزارت داخلہ اور انسداد منشیات کے تحت کام کرنے والی انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے اس سلسلے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرے بالخصوص نوجوانوں میں منشیات کے نقصانات سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور ان کی تعلیم و تربیت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ایک محفوظ اور صحت مند معاشرہ قائم کر سکیں۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ ایک ہمہ گیر حکمت عملی کے تحت بچائو، تعلیم، علاج اور موثر قانون نافذ کرنے جیسے اقدامات کے ذریعے ہم منشیات سے پاک پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ بچائو کا آغاز گھر، سکول اور کمیونٹی سے ہوتا ہے، منشیات کے شکار افراد کے لیے دوبارہ بحالی کی سہولیات تک رسائی بھی اتنی ہی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور بین الاقوامی شراکت داروں کے مابین تعاون نہایت اہم ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اس دن کے موقع پر میں ان بہادر سپاہیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس مقدس مشن میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانی پاکستان کے اس عزم کی علامت ہے کہ ہم منشیات کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ منشیات کے خاتمے کے لیے قومی کوششوں کا حصہ بنیں اور ایک صحت مند و محفوظ پاکستان کی تعمیر میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ہم اپنے اداروں اور بحالی مراکز کو مزید مضبوط بنائیں گے اور تعلیم و آگاہی میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔ اپنے پیغام کے آخر میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آئیں ہم سب مل کر اپنی آنے والی نسلوں کو منشیات کے اثرات سے محفوظ مستقبل دیں اور ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر فرد نشہ سے پاک زندگی گزار سکے۔