ڈی جی واسا اور ایم ڈی واسا کا شہر بھر کا دورہ، لکشمی چوک ڈسپوزل سٹیشن کا معائنہ کیا

5

لاہور۔26جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر مون سون بارشوں کے دوران شہری سہولت اور نکاسی آب کے موثر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے واسا مکمل طور پر متحرک ہے۔ ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا تاکہ نکاسی آب آپریشنز کا خود جائزہ لیا جا سکے۔

دونوں افسران نے لکشمی چوک مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ اور لکشمی چوک ڈسپوزل سٹیشن کا معائنہ کیا، جہاں ایم ڈی واسا نے نکاسی آب سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر کے تمام انڈر پاسز مکمل طور پر کلیئر ہیں اور ٹریفک روانی سے جاری ہے۔بریفنگ کے مطابق واسا کے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل استعداد پر چلایا جا رہا ہے اور جہاں بجلی کی بندش کا سامنا ہے وہاں ڈسپوزل اسٹیشنز کو جنریٹرز پر منتقل کر کے نکاسی آب کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔

ڈی جی واسا اور ایم ڈی واسا نے واسا کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں بتایا گیا کہ بارش کی صورت حال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔واسا کی ٹیمیں فیلڈ میں مکمل الرٹ ہیں اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔