2 ماہ کی قلیل مدت میں کیسز کا فیصلہ ترجیح،دفاتر کی تعداد میں اضافہ کر کے شکایات کو حل کریں گے،وفاقی محتسب

5

ملتان۔ 26 جون (اے پی پی):وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ ہمارا ادارہ 2 ماہ کی قلیل مدت میں کیسز کا فیصلہ کرتا ہے جو کارکردگی کی اعلیٰ مثال ہے۔

دفاتر کی تعداد میں اضافہ کر کے شکایات کا ازالہ اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ریجنل آفس ملتان کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اعجاز احمد قریشی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان،آزاد کشمیر،میر پور خاص،ڈیرہ غازیخان اور دیگر دور دراز علاقوں میں دفاتر کھولنے کا مقصد اپنی خدمات کو موثر بنا کر عام آدمی اور غریب لوگوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد جنوبی پنجاب کے علاقوں ملتان ،ڈیرہ غازیخان اور بہاولپور کے دفاتر کی کارکردگی کو جانچنا ہے۔

یہ امر خوش آئند ہے کہ گذشتہ برس 93 فیصد شکایات پر فیصلے کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے اپنے دفاتر کو ڈیجیٹلائز کر دیا ہے تاکہ اہم نوعیت کے کیسز یا شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جا سکے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی محتسب نے بتایا کہ کام کی زیادتی اور سہولیات کے فقدان کے باوجود اپنے ادارے کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔عام لوگوں کی رہنمائی کےلئے کھلی کچہریوں کا انعقاد سمیت آن لائن شکایات کا بھی نظام متعارف کیا گیا ہے جس سے باآسانی شکایات کا اندراج ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر شکایات وفاقی ادروں کے متعلق ہوتی ہیں جنہیں فوری طور پر میرٹ پر حل کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے کی اہمیت اور آگاہی سے متعلق میڈیا کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے،جو قابل تعریف ہے۔

انہوں نے وفاقی اداروں کے سربراہوں سے بھی ملاقات کی اور لوگوں کے مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا۔اس سے قبل وفاقی محتسب نے ریجنل ہیڈز کی کارکردگی جانچنے کےلئے اجلاس کی صدارت کی اور کیسز کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر انہوں نے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔