ہاکی قومی کھیل ہے، اس کے فروغ کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں ، ہاکی کا موازنہ کرکٹ سے نہیں کر سکتے ، یاسر پیرزادہ

9
pakistan sports board
pakistan sports board

اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی ) کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ نے کہا ہے کہ ہاکی قومی کھیل ہے، اس کے فروغ کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں ، ہاکی کا موازنہ کرکٹ سے نہیں کر سکتے ، کرکٹ پر کیے جانے والے اخراجات کا کسی کھیل سے کوئی موازنہ نہیں ہے،خواہش ہے کہ ہر فیڈریشن کی معاونت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف )کے سیکرٹری جنرل رانا مجاہد کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی پرو لیگ کھیلنے کے لیے 2.5 ملین ڈالر کی ضرورت ہے جو سپورٹس بورڈ کی استعاد سے زیادہ ہے ہم سے جو کچھ بھی ہوسکا وہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا مجاہد نے کہا کہ پاکستان نے ہاکی کا آخری ٹورنامنٹ اچھا کھیلا اور ایف آئی ایچ نیشنز ہاکی کپ میں پاکستان کی پرفارمنس تسلی بخش رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کل تک ٹیم کا اعلان کیا جائے گا جو چین میں ٹورنامنٹ کھیلے گی۔

رانا مجاہد نے کہا کہ پرو لیگ کے اخراجات بہت زیادہ ہیں جس کے لیے نجی شعبہ کے تعاون کے خواہشمند ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف اپنی کوششیں بھی کررہا ہے، ہم نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر سے رابطہ کیا ہے ، تمام صورتحال پر وقت مانگا ہے کیونکہ اگر لیگ میں شرکت کا کہ کر شریک نہیں ہونگے تو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن پابندی بھی لگا سکتی ہے ۔سیکرٹری جنرل رانا مجاہد نے کہا کہ پی ایچ ایف حکومت اور سپورٹس بورڈ کی گائیڈ لائنز کیخلاف کوئی کام نہیں کرے گی ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ موجودہ صورتحال پر وزیراعظم محمد شہباز شریف ہماری مدد کرینگے۔