قوانین کا یکساں نفاذ ہی اصل میں کسی ادارے کی بہتر کارکردگی اور کامیابی کا ضامن ہوتا ہے، وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی

5

بھاولپور۔ 26 جون (اے پی پی):وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ میرٹ ان کی اولین ترجیح ہے، قوانین کا یکساں نفاذ ہی اصل میں کسی ادارے کی بہتر کارکردگی اور کامیابی کا ضامن ہوتا ہے، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور وطن عزیز کی بہترین جامعات میں سے ایک ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ میرٹ، شفافیت کی بنیاد پر خلوص نیت سے جامعہ کی علمی خدمت کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ اینوائرمنٹ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین ترابی کی جانب سے وائس چانسلر کے اعزاز میں منعقد ہ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں اساتذہ کرام، انتظامی افسران اور ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں سماجی علوم، سائنسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیکل سائنسز، فارمیسی، ایگریکلچر، ویٹرنری سمیت تمام علوم کے بہترین ماہرین موجود ہیں۔ یہ افرادیونیورسٹی کی ترقی کے ساتھ ساتھ قومی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی زرعی فیکلٹی بھی اپنی بہترین تحقیق اور متنوع تعلیمی پروگراموں کے باعث پاکستان بھر میں منفرد مقام رکھتی ہے۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا دنیا کی ترقی یافتہ ممالک کی جامعاتسے روابط کو بڑھایا جائے گا کہ عالمی معیار کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق ممکن ہو سکے۔ ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ اینوائرمنٹ پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین ترابی نے کہا کہ وائس چانسلر کی آمد تمام اساتذہ کرام اور ملازمین کے لیے حوصلہ افزائی کا سبب ہے۔ ان کی روایت رہی ہے کہ نئے آنے والے وائس چانسلر کا شیان شان خیر مقدم کیا جاتا ہے اور ان سے تعلیمی اور انتظامی امور میں رہنمائی لی جاتی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے قلیل عرصے میں یونیورسٹی میں تعلیمی معیار میں بہتری، مالیاتی چیلنجز، فیکلٹی اور ملازمین کا مورال بلند کرنے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔ ان کی سربراہی میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نہ صرف موجودہ مشکلات سے نمٹنے گی بلکہ ترقی کے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔ انہوں نے تقریب میں شریک ڈینز، اساتذہ کرام، انتظامی افسران اور ملازمین کا شکریہ ادا کیا۔