لاہور میں ڈینگی کے خلاف جامع مہم،ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ متحرک

7

لاہور۔27جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ لاہور شہر کو ڈینگی سے پاک کرنے کیلئے متحرک ہے۔رواں سال بھی گزشتہ برس کی طرح ڈینگی لاروا پر قابو پانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور انسداد ڈینگی مہم کامیابی سے جاری ہے، ضلعی انتظامیہ نے مہم کو موثر بنانے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور آپریشنل تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،ڈینگی لاروا کی چیکنگ مرحلہ وار جاری ہے جبکہ تمام سرکاری اداروں میں ڈینگی کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے،خاص طور پر ہائی رسک زونز میں مسلسل نگرانی پر زور دیا جا رہا ہے تاکہ ڈینگی کی ممکنہ افزائش کو فوری طور پر روکا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ڈینگی کے پھیلائو کو روکنے کے لیے قبرستانوں، کباڑ خانوں اور ٹائر شاپس میں لاروا کش ادویات کا چھڑکا ئو یقینی بنایا جائے،ان کی ہدایات کے مطابق، متاثرہ گھر اور اس کے اطراف کے دس گھروں میں ڈینگی سپرے کا عمل لازمی کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی فیلڈ ٹیموں کو تاکید کی ہے کہ وہ اپنی مہم پر بھرپور توجہ دیں اور روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس آپریشنز کو تیز کریں۔ سید موسیٰ رضا نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ڈینگی کے خاتمے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے لاہور کے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ڈینگی کے خلاف اس مہم میں اپنا کردار ادا کریں، گھروں، سکولوں اور زیر تعمیر عمارتوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے واضح طور پر کہا ہے کہ ڈینگی لاروا کی نشاندہی اور خاتمے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ڈینگی روک تھام کے اقدامات میں کسی قسم کی کوتاہی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔