حویلیاں کے علاقہ سلطان پور میں ندی دوڑ میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے 3 معصوم بہن بھائی سپرد خاک

5

ایبٹ آباد۔ 28 جون (اے پی پی):حویلیاں کے علاقہ سلطان پور میں گذشتہ روز ندی دوڑ میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے 3 معصوم بچوں کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔ چمبہ محلہ شیخاں کے رہائشی فیصل شاہ کی 15 سالہ فاتحہ، 13 سالہ سیف علی اور 5 سالہ فاطمہ اپنی والدہ اور بڑی بہن کے ہمراہ ندی دوڑ پر سیر کیلئے گئے ہوئے تھے کہ پانی کے تیز بہاوکے سبب اس کی بے رحم موجوں کی نذر ہو گئے۔

یہ بچے چمبہ کے علاقہ کے رہائشی تھے، دو بچہ بچی کی نعشیں مقامی لوگوں نے جلد ہی ریسکیو کر لی تھیں جبکہ تیسری بچی کی نعش ریسکیو ٹیم کی انتھک محنت کے بعد رات گئے ملی۔ حویلیاں ندی دوڑ میں تیز طغیانی کے باعث پانی کا بہاوتیز تھا، بدقسمت بچے اپنی والدہ کے ساتھ ندی دوڑ کی سیر کو گئے ہوئے تھے کہ اچانک پانی کا بہاوتیز ہونے کے سبب تینں بچے پانی کی تیز موجوں کی نذر ہو گئے۔

بعد ازاں رات گئے ہی بچوں کی نماز جنازہ سلطان پور فہد سی این جی کے پاس ادا کی گئی جس کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دریاوں، نالوں اور تفریحی مقامات پر موثر حفاظتی انتظامات، وارننگ سائن بورڈز اور مستقل نگرانی کا فوری بندوبست کریں تاکہ آئندہ کوئی اور بچہ دریا کی موجوں میں دفن نہ ہو۔