صارفین بجلی کے مسائل کے فوری ازالے کے لئے ای کچہری کا انعقاد

6

فیصل آباد۔ 28 جون (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو ) ہیڈکوارٹرز میں فیس بک پر آن لائن ای کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ ہفتہ کو فیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹوآفیسر فیسکو محمد عامر کی ہدایت پر آن لائن کچہری کے دوران فیصل آباد،چنیوٹ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،جھنگ، سرگودھا،میانوالی، خوشاب اور بھکر کے صارفین نے فیس بک پر مختلف نوعیت کے مسائل جن میں ایل ٹی /ایچ ٹی پروپوزلز،تاروں اور پولوں کی شفٹنگ،پرانی اور خستہ حال تاروں کی تبدیلی،ٹرانسفارمر ز کی اپ گریڈیشن،خراب میٹروں کی تبدیلی سمیت وولٹیج کی کمی بیشی جیسے مسائل سے آگاہ کیا۔
صارفین بجلی کی جانب سے65 سے زائد شکایات موصول ہوئیں جن کے فوری ازالے کیلئے جنرل منیجر آپریشن فیسکو عمر حیات گوندل نے متعلقہ افسران کوفوری احکامات جاری کئے۔ اس مو قع پر ان کا کہنا تھاکہ فیسکو کی اولین ترجیح اس کے صارفین ہیں اور ان کے مسائل کاجلدحل اور انہیں بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں اور کھلی کچہریوں کا انعقادبھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کی شکایات کے بروقت ازالہ کیلئے تمام ایس ڈی اوز، ایکسئین اور ایس ای حضرات باقاعدگی سے کھلی کچہریاں منعقد کر کے صارفین بجلی کے مسائل حل کر رہے ہیں۔اس موقع پرجنرل منیجرکسٹمرسروسز راؤ مبشرحیات،ڈی جی (ایڈمن) منورخان، کمپنی سیکرٹری مظفرعباس،ڈائریکٹر (سی ایس)صفدرعباس بخاری، ڈائریکٹر (پی آر) سعید رضا، ڈپٹی ڈائریکٹر 118حافظ شہزاداوراسسٹنٹ ڈائریکٹر کمپلینٹس سید وسیم بخاری سمیت فیسکوکے چھ آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرزنے بھی ای کچہری میں آن لائن شرکت کی۔