ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد

5

سرگودھا۔ 29 جون (اے پی پی):محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سرگودھا نے انتظامی و سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ضلع بھر میں مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی اور انتظامات کے لیے مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن(ر) محمد وسیم نے محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے کیا۔ انہوں نےکہاکہ ضلع سرگودھا میں مجموعی طور پر 2503 مجالس اور 2404 جلوس برآمد ہوں گے، جنہیں سیکیورٹی انتظامات کے تحت مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

جلوسوں میں کیٹگری اے کے 166، کیٹگری بی کے 117 اور سی کیٹگری کے 2121 شامل ہیں، اسی طرح مجالس میں کیٹگری اے کی 178, کیٹگری بی کی 117 جبکہ سی کیٹگری کی 2208 مجالس شامل ہیں۔

سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینے کے پانچ ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان جبکہ 07 ہزار سے زائد والنٹیئرز تعینات کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء و کرام، امن کمیٹی کے اراکین، جلوس و مجالس کے منتظمین اور لائسنس داران کے ساتھ خصوصی میٹنگز کی گئیں ہیں۔

اس دوران شہر بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ، سی سی ٹی وی کیموں کی تنصیب اور تھری لیئر سکیورٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ جلوس کے راستے کلیئر کرے گا اور برقعہ پوش خواتین کی تلاشی لیڈی پولیس اہلکار انجام دیں گی۔

ڈپٹی کمشنر محمد وسیم نے کہا کہ اسکے علاؤہ چھتوں پر چڑھنے پر پابندی ہو گی اور مسلح اہلکار وہاں ڈیوٹی انجام دیں گے۔جلوس کے راستوں سے ملحقہ علاقے مکمل سیل کئے جائیں گے اور مکمل تلاشی کے بعد ہی عزاداروں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔

ماسوائے پرمٹ ہولڈر گاڑیوں کے، کسی بھی گاڑی کے جلوس میں داخلے پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ امام بارگاہوں کے نزدیک پارکنگ کی اجازت نہیں ہو گی۔جلوس و مجالس میں شرکت کرنے والے عزاداروں کو میٹل ڈیٹیکٹرز سے چیک کیا جائے گا، کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی نفری اور پاک آرمی کے جوان الرٹ رہیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کا امن ہماری اولین ترجیح ہے جسے ہرگز پامال نہیں ہونے دیا جائے گا ۔