عوام دوران مون سون احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ریسکیو 1122 سیالکوٹ

6
Rescue 1122 Sialkot
Rescue 1122 Sialkot

سیالکوٹ۔29جون (اے پی پی):سیالکوٹ ریسکیو 1122 نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ دوران مون سون درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنے سمیت اپنے پیاروں کی زندگیاں بچائیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنیئر نوید اقبال کا ان حتیاطی تدابیر کے حوالے سے کہنا تھا کہ بارش کے دوران گھروں سے بغیر کسی اشد ضرورت نہ نکلیں۔ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں اور جانوروں کو بھی ان کے ساتھ نہ باندھیں۔ بارش اور آندھی طوفان کے دوران دیوار کی اوٹھ لینے سے گریز کریں۔ ندی نالوں ، نہروں اور دریائوں میں نہانے سے گریز کریں۔

بارشوں کے باعث پانی کا بہاؤ بہت تیز اور خطرناک حد تک بڑھ جاتا ہے لہٰذا کسی بھی قسم کی ویڈیو یا تفریح کے لیے جان کی بازی نہ لگائیں۔اپنی اور اپنے بچوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پہ کال کریں۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیورز کے پروفیشنل ٹرینرز سے لائف سیونگ سکلز جیسے ابتدائی طبی امداد اور ایمرجنسی مینجمنٹ کی تربیت حاصل کریں اور ریسکیو کو بطور رضارکار سکاوٹس جوائن کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ملکر ہی حادثات سے محفوظ معاشرہ بنا سکتے ہیں۔