لاہور۔30جون (اے پی پی):یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے سنڈیکیٹ کا 497 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے کی، جبکہ سنڈیکیٹ کے ارکان، ڈاکٹر ناصر حیات، مجاہد پرویز چٹھہ، ساجدہ واندال، طارق اقبال، زاہدہ اظہر، ڈاکٹر نجف، عمران بابر، شریف را، مختلف شعبہ جات کے ڈینز، اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے لیے یو ای ٹی لاہور کے سالانہ بجٹ کی منظوری دی گئی نیز اساتذہ وملازمین کی پرموشنز اور نی تقرریوں کی سفارش کی گئی۔ بجٹ تخمینے کے مطابق یونیورسٹی کی متوقع آمدن 5,989.399 ملین روپے جبکہ متوقع اخراجات 6,157.635 ملین روپے ہوں گے
یوں بجٹ میں 168.236 ملین روپے کے خسارے کا امکان ظاہر کیا گیا۔ اجلاس میں بجٹ خسارے سے نمٹنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور آمدنی میں اضافے کے لیے نئے منصوبہ جات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے مالی، انتظامی، تدریسی و تحقیقی امور، مختلف شعبوں کی کارکردگی، اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ مزید براں، سنڈیکیٹ نے یو ای ٹی لاہور کے مختلف کیمپسز میں جاری تعلیمی و تحقیقی منصوبوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور ان کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔