ایف ڈی اے کے تین ملازمین کی ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

23

فیصل آباد۔ 30 جون (اے پی پی):ایف ڈی اے کے تین ملازمین کی ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی ،جس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری مہمان خصوصی تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، ڈائریکٹر سٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج، ڈائریکٹر آئی ٹی/ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن یاسر اعجاز چٹھہ و دیگر افسران تقریب میں موجود تھے جبکہ صدر انقلابی ورکرز یونین صداقت بلوچ، جنرل سیکرٹری میاں منیب ریاض، چیئرمین شیخ عمران و دیگر عہدیداروں کے علاوہ سٹاف کے ارکان نے بھی الوداعی تقریب میں شرکت کی۔

ریٹائرڈ ہونے والے ایف ڈی اے کے ملازمین میں چوکیدار محمد الیاس، سینٹری ورکرز اسلم مسیح اور مقصود مسیح شامل ہیں۔ تقریب کے دوران ریٹائرڈ ملازمین کو پھولوں کے ہار پہنائے اور تحائف دیئے گئے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کی سرکاری خدمات کو سراہتے ہوئے باعزت ریٹائرمنٹ پر انہیں مبار ک باد دی اور کہا کہ انہوں نے زندگی کا طویل عرصہ سرکاری خدمات میں گزارا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کی صحت و عافیت اور درازی عمر کی دعا کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے احسن انداز میں سروس مکمل کرنے پر ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو شاباش دی اور کہا کہ

ریٹائرمنٹ سرکاری ملازمت کا حصہ ہے تاہم محنتی اور فرض شناس ملازمین کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کے ریٹائرڈ ملازمین بھی یکساں قابل احترام ہیں لہٰذا وہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں اپنے ادارے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ یونین عہدیداروں صداقت بلوچ، میاں منیب ریاض، شیخ عمران و دیگر نے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ ہمہ وقت ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین محمد الیاس، اسلم مسیح اور مقصود مسیح نے بھر پور عزت افزائی کرنے پر ڈی جی محمد آصف چوہدری و دیگر افسران اور یونین عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔