آپریشن سندور میں ذلت آمیز شکست ، مودی سرکار اور بھارتی فوج آمنے سامنے

46

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):آپریشن سندور میں ذلت آمیز شکست کے بعد مودی سرکار اور بھارتی فوج آمنے سامنے آگئے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آپریشن سندور کی ناکامی اور حالیہ پاک بھارت جنگ میں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی افسران نے شکست کا الزام سیاسی قیادت پر ڈال دیا،جس سے بھارتی فوج اورمودی سرکار کے درمیان اختلافات بڑھ گئے ہیں ۔انڈونیشیا میں "انڈیا پاکستان ائیر بیٹل” سیمینار کے دوران بھارتی اتاشی نیوی آفیسر کیپٹن شیو کمار نے بھی بھارتی طیاروں کی تباہی کا اعتراف کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کارروائی میں بھارتی فضائیہ کو طیاروں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔بھارتی خبر رساں ادارے دی وائر کی رپورٹ کے مطابق کیپٹن شیو کمار نے کہا کہ مودی حکومت کے سخت سیاسی احکامات نے بھارتی فضائیہ کی کارروائیاں محدود کیں، بھارتی افواج خودمختار نہیں بلکہ سیاسی احکامات کی پابند ہیں۔ مودی حکومت کی سیاسی مداخلت کے باعث بھارتی فضائیہ اہداف کو نشانہ نہ بنا سکی۔کیپٹن شیو کمار کے انکشافات کے بعد کانگریس نے بھی مودی سرکار پر کڑی تنقید کی ہے۔

کانگریس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ اس سے قبل چیف آف ڈیفنس اسٹاف انیل چوہان بھی آپریشن سندور کے دوران بھارتی طیاروں کے گرنے کا اعتراف کر چکے ہیں، اس حساس قومی مسئلے پر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیوں مسترد کر دیا گیا؟آپریشن سندور مودی سرکار کی عسکری ناکامی، سیاسی جھوٹ اور نااہل قیادت کی شرمناک علامت بن چکا ہے۔

مودی سرکار میدانِ جنگ میں نہیں بلکہ صرف گودی میڈیا پر بیانیہ کی جنگ لڑ رہی ہے۔مودی سرکار کے جھوٹے بیانیے اور عوام دشمن پالیسیوں کا کھلا ثبوت ہے۔بھارتی فوج نے عملی شکست تسلیم کر لی مگر مودی سرکار اب بھی قوم کو اندھیرے میں رکھ رہی ہے۔ فوج اور مودی سرکار کے درمیان بڑھتے اختلافات بھارت کے اندرونی تضادات کا پیش خیمہ ہیں۔