کے پی سیپ پراجیکٹ پر عملدرآمد میں تیزی لائی جائے، کمشنر ہزارہ کی متعلقہ حکام کو ہدایت

28

ایبٹ آباد۔ 30 جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر واسا نے کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کو ایبٹ آباد میں جاری خیبرپختونخوا سسٹین ایبل انرجی اینڈ واٹر پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران کمشنر ہزارہ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بنچ کی جانب سے واٹر سپلائی سکیم کے متعلق جاری کردہ فیصلہ پر فی الفور عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اس منصوبے سے متعلق درپیش تمام مسائل کا فوری حل نکالا جائے تاکہ منصوبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ باقی نہ رہے۔

کمشنر ہزارہ نے ضلعی انتظامیہ کو بھی واضح ہدایات جاری کیں کہ جو زمینیں ایکوائر ہو چکی ہیں اور ان پر کوئی قانونی پیچیدگی نہیں ہے، ان کی ادائیگی جلد از جلد مکمل کی جائے۔ باقی ماندہ اراضی جن کے معاملات عدالتوں میں زیر التوا ہیں، ان کی ادائیگی عدالتی فیصلے کے بعد کی جائے۔انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر واسا کو ہدایت دی کہ پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کو ہر صورت ممکن بنایا جائے اور ایڈونچر پارک کی تعمیر کا عمل بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد، جنرل(ر) ایاز سلیم رانا اور کے پی سیپ کے نمائندوں اور کنسلٹنٹ نے شرکت کی۔