کویت میں فلاحی کاموں کی نگرانی کے لیے نئے ایس او پیزجاری

43
Kuwaiti Ministry of Social Affairs
Kuwaiti Ministry of Social Affairs

کویت سٹی۔1جولائی (اے پی پی):کویت میں فلاحی کاموں کی نگرانی کے لیے نئے ایس او پیزجاری کردیئے گئے ۔العربیہ کے مطابق کویتی وزارتِ سماجی امور نے فلاحی انجمنوں کے نظم و نسق، شفافیت اور احتساب کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نئے ضوابط جاری کیے ہیں۔ ان ہدایات کا مقصد ملک میں فلاحی سرگرمیوں کو بہتر طور پر منظم کرنا اور چندوں کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔نئے ضوابط کے مطابق صرف ان فلاحی منصوبوں کے لیے چندہ جمع کیا جا سکے گا جنہیں وزارت سے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل ہو۔ کسی بھی واسطہ کار جیسے مارکیٹنگ کمپنی، اشتہاری ادارے یا رضاکارانہ ٹیم کے لیے چندہ جمع کرنے کے روابط بنانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اب ہر انجمن صرف اپنے سرکاری ویب سائٹ پر چندہ وصولی کے روابط شائع کر سکے گی۔فلاحی انجمنوں کو اب کسی اشتہاری یا مارکیٹنگ کمپنی، یا سوشل میڈیا کے مشہور افراد سے معاہدہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جب تک کہ وزارت سے پیشگی اجازت نہ لی جائے۔نئے قواعد کے تحت اگر کسی خاص ضرورت کے لیے انفرادی چندہ جمع کرنے کا ارادہ ہو تو اس کے لیے بھی وزارت سے پہلے اجازت لینا لازم ہو گا۔ اسی طرح ملک کے اندر یا باہر کسی منصوبے کے اشتہار میں انتظامی اخراجات کی شرح واضح طور پر درج کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

وزارت سماجی ببہودنے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہر فلاحی انجمن کو یومیہ بنیاد پر اپنی چندہ وصولی کی تفصیل وزارت کے خودکار نظام میں درج کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ، ماہانہ رپورٹ کی فراہمی، بینک سے کٹوتی کے ذریعے جمع ہونے والی رقم کی تفصیل، چندہ دینے والوں کے نام، اور متعلقہ مالیاتی لین دین کی اطلاع دینا بھی لازم ہوگا۔فلاحی انجمنوں کی درجہ بندی بھی نئے ضوابط کا حصہ ہے۔ اس کے تحت انہیں تین درجات میں تقسیم کیا جائے گا: مکمل طور پر پابند، جزوی طور پر پابند، اور غیر پابند۔ غیر پابند تنظیموں کو کسی قسم کی فنڈنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

عمل درآمد کی نگرانی کے لیے ميدانوں میں انسپکشن ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔بیرون ملک امدادی مہمات سے متعلق وزارت نے واضح کیا کہ ان کی مدت، اخراجات اور جن غیرملکی اداروں کے ذریعے یہ مہمات چلائی جائیں گی، سب کے بارے میں پیشگی منظوری لینا ضروری ہے۔ اگر کسی ملک میں پہلے سے لائسنس یافتہ فلاحی منصوبے موجود ہوں تو امداد صرف ان کے ذریعے دی جائے گی، اور نئی مہم کی اجازت نہیں ہوگی۔اندرون یا بیرونِ کویت تشہیری مہمات میں بھی انہی اصولوں کی مکمل پابندی کرنا لازم ہوگا۔

وزارت نے تمام انجمنوں کو بیرون ملک فلاحی منصوبوں کے لیے مالی رقوم کی منتقلی سے متعلق مکمل ہدایات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزارت نے واضح کیا کہ تمام اقسام کی امداد صرف مرکزی امدادی پروگرام کے ذریعے دی جائے گی اور امداد کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر سے بچنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

تمام فلاحی انجمنوں کو مالیاتی حسابات کی جانچ کے لیے وہی ماہرین متعین کرنے ہوں گے جو کویتی مارکیٹ اتھارٹی کے پاس رجسٹرڈ ہوں، اور ہر انجمن میں داخلی آڈیٹر اور نگران افسر کی تعیناتی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔