بھارت ویمنز نے انگلینڈ ویمنز کو دوسرے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں 24 رنز سےہرا دیا

68
India Women beat
India Women beat

لندن۔2جولائی (اے پی پی):بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ ویمنز کو دوسرے بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچ میں 24 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔بھارت کے 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ویمنز ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنا پائی، امنجوت کور کو آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کائونٹی گرائونڈ برسٹل میں کھیلے گئے پانچ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان انگلینڈ کی ویمن ٹیم کی کپتان نیٹ سکیور برنٹ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بھارت کی ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناکر انگلینڈ کی ویمنز ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 182 رنز کا ہدف دیا۔

امنجوت کور نے 40 بالوں پر ناقابل شکست 63 رنز کی اننگز کھیلی، جمائمہ روڈریگز 63 اور ریچا گھوش ناقابل شکست 32 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے با ز رہیں۔انگلینڈ ویمنز کی طرف سے لائورن بیل نے دو جبکہ لائورن فلراورارلوٹ نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں انگلینڈ ویمنز کی ٹیم بھارتی ویمن کی جانب سے ملنے والا182 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنا سکی، ٹامی بیومونٹ 54، سوفی ایکلسٹن 35 اور ایمی جونز 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہی ۔

بھارتی ویمن کی طرف سے شری چرانی نے دو جبکہ دپتی شرما اور امنجوت کور نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔یوں بھارتی ویمن ٹیم نے مسلسل دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان انگلینڈ کی ویمن ٹیم کو 24 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔ امنجوت کور کو آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں ۔