زخمی پولیس اہلکاروں کے علاج کیلئے مزید 26 لاکھ روپے کے فنڈز جاری

68
IG Punjab
IG Punjab

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے مزید 26 لاکھ روپے کی رقم جاری کر دی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق زخمی کانسٹیبل بو محمد قادری کو میڈیکل اخراجات کیلئے 15 لاکھ روپے فنڈز جاری کئے گئے، زخمی کانسٹیبل محمد توقیر کو طبی اخراجات کیلئے 07 لاکھ روپے جاری کیے گئے، زخمی کارپورل غضنفر عباس کو میڈیکل اخراجات کیلئے 03 لاکھ روپے دئیے گئے،

زخمی ریٹائرڈ سب انسپکٹر سعئی محمد کو علاج معالجے کی مد میں ایک لاکھ روپے دئیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد کی زیر صدارت کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی نے فنڈز اجرا کی منظوری دی۔آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پولیس غازیوں کا بہترین علاج معالجہ، جلد از جلد بحالی اولین ترجیح ہے،غازی اہلکاروں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔