پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے رکن ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہو گا، عاطف اکرام شیخ

29

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے رکن ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہو گا، رکن ممالک میں خوراک، زراعت، ٹیکسٹائل، آئی ٹی، سیاحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں، پاکستانی حکومت سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات ون ونڈو کے ذریعے فراہم کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو چھٹے ای سی او بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آذربائیجان کے شہر شوشا میں منعقدہ فورم میں ایس سی او کے تمام 10رکن ممالک کے بزنس وفود نے شرکت کی۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ رکن ممالک میں بزنس ٹو بزنس تعلقات اور تجارت کے فروغ میں ای سی او کا کلیدی کردار ہے، ای سی او ممبر ممالک میں تجارتی تعلقات میں اضافے کیلئے کنکٹیوٹی کو بہتر بنانے پر کام کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے ممبر ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہو گا، رکن ممالک میں خوراک، زراعت، ٹیکسٹائل، آئی ٹی، سیاحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر سے بہتر ہو رہے ہیں، رکن ممالک کی بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائے، پاکستانی حکومت سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات ون ونڈو کے ذریعے فراہم کر رہی ہے، پاکستان ای سی او کے پلیٹ فارم سے رکن ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات میں اضافے کیلئے پر عزم ہے۔