کراچی۔ 02 جولائی (اے پی پی):سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی)ملیر کاشف آفتاب عباسی نے تھانہ ملیر سٹی میں قائم جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا اچانک دورہ کرکے محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ترجمان ملیر پولیس کے مطابق ایس ایس پی ملیر نے پولیس افسران و اہلکاروں سے سکیورٹی امور پربات چیت کرتے ہوئے ہدایت دی کہ جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات پر کڑی نظر رکھتے ہوئے ہر مشکوک سرگرمی پر فوری ردعمل یقینی بنایا جائے ۔
انہوں نے کنٹرول روم میں نصب سی سی ٹی وی مانیٹرز اور وائرلیس سسٹم کا جائزہ لیتے ہوئے عملے کوتاکید کی کہ سکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ ہر وقت مکمل الرٹ رہیں اور داخلی و خارجی راستوں، مجالس کے مقامات اور جلوس کے روٹس پر سخت نگرانی رکھیں۔اس موقع پر ایس ایس پی ملیر کے ہمراہ ایس ڈی پی او ملیر سٹی بھی موجود تھے۔