پی ایچ اے کے زیر اہتمام اڈیالہ پبلک پارک کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری

25
پی ایچ اے کے زیر اہتمام اڈیالہ پبلک پارک کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری

راولپنڈی۔2جولائی (اے پی پی):پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے )کے زیر اہتمام اڈیالہ پبلک پارک کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے جو کہ 45 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سید نظارت علی نے پارک کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پی ایچ اے دن رات عوام کو بہترین تفریحی سہولیات اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

ڈی جی پی ایچ اے نے بتایا کہ پارک میں جدید طرز کے کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جاگنگ اور سائیکلنگ ٹریکس، اوپن ایئر جم، منی گالف ایریا، انڈور گیم ہال، کرکٹ اور فٹسال ایریاز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ پارک میں ٹینس کورٹس، اے ٹی وی ٹریک اور اسکیٹنگ رنگ بھی بنائے جا رہے ہیں جبکہ ایک خوبصورت واٹر پونڈ کی بھی تعمیر جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بچوں کے لیے کھیلنے کا مخصوص علاقہ، خوبصورت کیفے، زپ لائن اور پینٹ بال جیسی تفریحی سہولیات بھی پارک کا حصہ ہوں گی۔ ڈی جی پی ایچ اے کے مطابق عوام کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

پارک کی تکمیل سے نہ صرف علاقے کے رہائشیوں کو صحت مند تفریحی مواقع میسر آئیں گے بلکہ راولپنڈی شہر میں جدید طرز کی عوامی تفریح کا ایک نیا باب بھی کھلے گا۔