شیخوپورہ ۔ 02 جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی شیخوپورہ کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع بھر میں خوراک سے منسلک 111 کاروباروں کا معائنہ کرکے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر 1 لاکھ 87 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا ۔معیاری دودھ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضلع شیخوپورہ کے مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران 55 ہزار 200 لٹر دودھ کو چیک کیا گیا۔دودھ کو دودھ کے معیار کے مطابق نہ ہونے پر 8لیٹر دودھ کو موقع پر تلف کیا گیا۔
مزید براں مضر صحت غیر معیاری اور ممنوع زائد المیعاد اشیاء خورد نوش جن میں 0.2 کلو چائنہ نمک ، 5 کلو گرام چاول ، 0.1 کلو کھانے میں استعمال ہونے والا رنگ ،مصالحہ جات سمیت دیگر زائد المیعاد اشیاء اور بیکری آئٹمز کو موقع پر تلف کیا گیا اور متعدد فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹس بھی جاری کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کی مضر صحت اشیاء کی خریدوفروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو صاف ستھری خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔