صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ، محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

23

فیصل آباد۔ 02 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے عشرہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کے تحفظ، سیکیورٹی انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا۔اپنے دورہ کے دوران انہوں نے ڈی سی آفس میں اجلاس کی صدارت کی، جس میں کمشنر فیصل آباد مریم خان، آر پی او ذیشان اصغر، ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو، ڈی پی او عبادت نثار، منتخب نمائندگان، مسلم لیگ ن کے رہنما ایوب خان گادھی، قدیر اعوان، رحیل انور، حارث امجد اور عقبہ وڑائچ شریک ہوئے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے وزیر اطلاعات کو سیکیورٹی، صفائی، روشنی، میڈیکل سہولیات اور دیگر انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ عظمیٰ بخاری نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب عزاداروں کو مکمل تحفظ اور تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

بعد ازاں صوبائی وزیر اطلاعات نے مرکزی امام بارگاہ، جلوس کے روایتی راستوں اور مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے سیکیورٹی، صفائی، لائٹنگ اور پانی کی سبیلوں کا جائزہ لیا۔ جلوس کے ہمراہ ریسکیو 1122، موبائل فیلڈ اسپتال، کلینک آن وِیل اور پانی کے چھڑکاؤ کی سہولیات کی دستیابی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، قربانی، اتحاد اور برداشت کا درس دیتا ہے اور موجودہ عالمی تناظر میں اس پیغام کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تمام مکاتبِ فکر کے درمیان مذہبی رواداری اور اتحاد قابلِ تحسین ہے۔ علمائے کرام منبر و محراب سے سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کا پیغام دیں تاکہ معاشرے میں امن، برداشت اور بھائی چارہ فروغ پا سکے۔انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سوشل میڈیا پر شرانگیز اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے

اور اس کی 24/7 مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔آخر میں عظمیٰ بخاری نے ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں، محکمہ بلدیات اور دیگر متعلقہ محکموں کی خدمات کو سراہا جبکہ جلوس کے منتظمین نے بہترین انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا شکریہ ادا کیا۔