اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمد معین وٹو نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ایران میں حالیہ تنازع کے دوران بے گناہ جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ اور ایرانی قوم کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی دعائیں شہداء اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
میاں محمد معین وٹو نے ایران کے اصولی موقف کی پاکستان کی جانب سے مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ایران کی حالیہ حکمت عملی میں کامیابی کو سراہا اور کہا کہ ایران نے عالمی سطح پر ایک نمایاں مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو ایرانی قوم کی ثابت قدمی اور کامیابی پر فخر ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام کے درمیان رشتہ باہمی احترام، تہذیبی اشتراک اور مشترکہ اقدار پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح ہمیں اپنے ملک اور اپنے لوگوں سے محبت ہے اسی طرح ہمیں ایران اور ایرانی عوام سے محبت ہے، یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور خطے میں امن و تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کو دہراتا ہے۔پاکستان ایک پرامن ملک ہے، ہم ہمیشہ سے یہی سمجھتے ہیں کہ مسائل کا حل صرف سفارتکاری، مکالمے اور باہمی احترام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔