پروفیسر ارمغان اسرار مرزا کو فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹسٹری کا ڈین مقرر کر دیا گیا

25

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹسٹری میں نئے تعینات ہونے والے ریگولر ڈین پروفیسر ڈاکٹر ارمغان اسرار مرزانے کہا ہے کہ وہ وزیر اعلی پنجاب کی ترجیحات کے مطابق کام کریں گے ،صحت و تعلیم کے شعبے ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات، شفافیت اور میرٹ پر مبنی تقرریوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ صوبے کے عوام کو بہترین خدمات میسر آئیں اور نوجوان نسل کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت حاصل ہو۔پروفیسر ڈاکٹر ارمغان اسرار مرزا کا کہنا ہے کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، میڈیکل سٹوڈنٹس کی تعلیم و تربیت و تحقیق کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر ارمغان اسرار مرزا میو ہسپتال اور لاہور جنرل ہسپتال سے بھی وابستہ رہے، اورل اینڈ میکسلوفیشل سرجری میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے میو اور ایل جی ایچ میں ماڈرن ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے سینکڑوں مریضوں کا علاج معالجہ کیا۔مزید برآں پروفیسرارمغان اسرار مرزا کی تقرری سلیکشن کمیٹی کی سفارشات اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد باقاعدہ بنیادوں پر کی گئی ہے جو نہ صرف ادارے کی تعلیمی اور تحقیقی ترقی کے لیے ایک مثبت قدم ہے بلکہ یہ پنجاب حکومت کی تعلیم اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کے عزم کا عملی مظہر بھی ہے۔