چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی باجوڑ میں دہشتگرد حملے کی مذمت،قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

27

پشاور۔ 02 جولائی (اے پی پی):چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے باجوڑ میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار سمیت دیگرمعصوم شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کو زخمیوں کے بہتر علاج معالجہ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طبی امداد کی فراہمی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا ئے جائیں۔

چیف سیکرٹری نے غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔