لاہور۔2جولائی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر عشرہ محرم الحرام کے چھٹے روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 6محرم الحرام کو لاہور سمیت صوبہ بھر میں 50ہزار سے زائد افسران و اہلکار وں نے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی فرائض سر انجام دئیے۔
محرم الحرام کے چھٹے روز صوبائی دارالحکومت میں 3ہزار 500سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور کیے گئے۔صوبہ بھر میں 930عزاداری جلوس اور 3835مجالس منعقد ہوئیں۔ لاہور میں 6محرم کی مناسبت سے 56عزاداری جلوس برآمد ہوئے اور 416مجالس منعقد ہوئیں۔ صوبہ بھر میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں 22ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار وں نے معاونت فراہم کی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔حکومت پنجاب کی طرف سے نافذ دفعہ 144پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر پابندی ہے۔
طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں۔سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جاری ہے۔ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ اور پیرو سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی پر تعینات ہیں۔
انہوںنے افسران کو ہدایت کی کہ لاڈ سپیکر ایکٹ کی پاسداری پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر کے مرتکب قانون شکن عناصر کی سرکوبی یقینی بنائیں۔