متحدہ عرب امارات ، دبئی میں منشیات کے ذائقےوالی مٹھائیاں فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

27

دبئی ۔3جولائی (اے پی پی):دبئی پولیس نے 15 رکنی منشیات فروش گروہ کو گرفتار کیا ہے جو’منشیات کے ذائقے‘ والی ٹافیاں و مٹھائیاں فروخت کرنے میں ملوث تھا۔امارات الیوم کے مطابق گروہ کے قبضے سے 48 کلو گرام نشہ آور مواد اور 1174 گولیاں برآمد ہوئیں جن کی مالیت 24 لاکھ 48 ہزار 426 درھم تھی۔

گروہ میں 10 مرد اور 5 عورتیں شامل تھیں جو ایسی مٹھائیاں فروخت کررہے تھے جس میں منشیات کا ذائقہ شامل تھا۔ادارہ انسداد منشیات کی جانب سے پریس کانفرنس میں گرفتار نیٹ ورک کے بارے میں بتایا گیا کہ ملزمان سوشل میڈیا پر نشہ آور مٹھائیاں اور چیونگم فروخت کرتے تھے۔

پریس کانفرنس میں کرنل عبدالرحمان العمری نے بتایا منشیات فروشی کے نئے طریقے کا انکشاف ہونے پر اس کی باریک بینی سے تحقیقات کی گئیں۔ نیٹ ورک کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے لیے باقاعدہ ان کی نگرانی کی جاتی رہی۔کرنل العمری کا کہنا تھا نیٹ ورک کی نگرانی کے دوران دبئی پولیس کی ٹیم نے ان کے ٹھکانے کی نشاندہی کرلی جب گروہ کے تمام ارکین وہاں جمع ہوئے تو پولیس ٹیم نے چھاپہ مارکر انہیں حراست میں لے لیا۔