کولمبو۔3جولائی (اے پی پی):سری لنکا اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ 5 جولائی کو آر پریما داسا سٹیڈیم، کولمبو میں کھیلا جائے گا۔میزبان آئی لینڈرز ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ سری لنکن ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم کو 77 رنز سے شکست دی تھی۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کےدرمیان کھیلی گئی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز 0-1 سے سری لنکن ٹیم نے جیت لی تھی۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کےدرمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ہارجیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا جبکہ دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں میزبان آئی لینڈرز نے بنگلہ دیشی ٹیم کو ایک اننگز اور 78 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 0-1 سے جیت لی تھی۔
ون ڈے سیریز میں آئی لینڈرز کو چارتھ اسالنکا لیڈ کریں گے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم کی قیادت مہدی حسن مرزا کریں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ 5 جولائی کوآر پریما داسا سٹیڈیم، کولمبو میں ہی کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 8 جولائی کو پالے کیلی انٹر نیشنل کرکٹ سٹیڈیم، پالے کیلی میں کھیلا جائے گا۔