فیصل آباد۔ 03 جولائی (اے پی پی):فوڈ اتھارٹی فیصل آباد نے ایک کارروائی کے دوران50کلو سے زائد ملک پاؤڈر، مکسنگ مشین اور گھی کنستر ضبط کرکے متعلقہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کروادیا گیا جبکہ بھاری مقدار میں ممنوعہ اشیا موقع پر ہی تلف کردی گئی ہیں۔فوڈ اتھارٹی فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ ویجیلنس ٹیم کی خفیہ اطلاع پرمذکورہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ رہائشی گھر میں چھپ کر پاؤڈر، آئل اور ممنوعہ اجزا سے جعلی دودھ تیار کیا جارہا تھالہٰذامکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمہ درج کرادیا گیا،نیزجعلی یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات کی بھرماربھی پائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے احکامات کی روشنی میں مضر صحت دودھ کی تیاری اور فروخت میں ملوث یونٹس کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔انہوں نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ شہری گھروں میں استعمال کیے جانے والے دودھ کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دفتر سے مفت ٹیسٹ کروا سکتے ہیں۔