عالمی برادری شام میں سرمایہ کاری کو فروغ دے ، اقوام متحدہ

35

اقوام متحدہ ۔3جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ شام میں سرمایہ کاری کو فروغ دے۔اقوام متحدہ کے ایک وفد نے شام میں ادلب اور حلب گورنری کے دو روزہ دورے کے بعد بچوں اور خاندانوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے شام میں سرمایہ کاری بڑھانے کا مطالبہ کیا۔وفد نے ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا اور شام میں 14 سال سے جاری بحران کے حوالے سے ملک کی تعمیر نو اور بحالی میں مدد کے لیے شراکت داری اور تعاون کو مضبوط کرنے بارے تبادلہ خیال کیا ۔

انہوں نے شام کے اندر اور باہر سے بے گھر ہونے والی کمیونٹیز اوروطن واپس آنے والے شہریوں سے بھی ملاقات کی تاکہ وہ جن مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ، وہ اسے محفوظ، رضاکارانہ، باوقار اور پائیدار واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ذریعہ معاش اور بنیادی خدمات کی بحالی کو ترجیح دینے کی ضرورت کے بارے میں مزید جان سکیں۔

شام میں اقوام متحدہ کے دفتر نے کہا کہ ملک بدستور دنیا کے سب سے بڑے انسانی بحرانوں میں سے ایک ہے جہاں 16 ملین سے زیادہ افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔اس نے اس اہم وقت میں شام کے عوام اور مقامی حکومتوں کی حمایت کے لیے اقوام متحدہ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔