سنگاپور۔3جولائی (اے پی پی):سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام پاکستانی فیچر فلم ’’نایاب‘‘ کی نمائش کی گئی۔ ثقافتی سفارت کاری کے تحت اس اقدام کا مقصد پاکستان اور سنگاپور کے درمیان باہمی روابط اور عوام کے درمیان تعلقات کو بڑھانا تھا ۔
سنگا پور میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں ، مقامی سرکاری حکام، میڈیا پروفیشنلز، فلم انڈسٹری کے سٹیک ہولڈرز اور پاکستانی کمیونٹی کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ سنگا پور میں پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس اسکریننگ نے پاکستان کے تخلیقی منظر نامے کو اجاگر کرنے اور سنیما کے مشترکہ تجربے کے ذریعے مکالمے کو فروغ دینے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا۔اپنے ریمارکس میں سنگاپور میں پاکستان کی ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے ثقافتی تبادلوں کی اہمیت اور سنیما کے ذریعے کہانی سنانے کی طاقت پر زور دیا۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی سنیما نے کئی سالوں میں ترقی کی ہے اور یہ آج پاکستانی معاشرے کے تنوع، پیچیدگی اور خواہشات کی عکاسی کرتا ہے۔عمیر ناصر علی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم نایاب کراچی سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان خاتون کی کہانی ہے جو قومی کرکٹ ٹیم کے لئے کھیلنے کی خواہش رکھتی ہے جس کی تکمیل میں اسے سماجی اصولوں اور خاندانی توقعات جیسے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
تقریب کے شرکا نے فلم ،اس کی کاسٹ اور اس کے ذریعے دیئےگئے طاقتور پیغام کی بھرپور تعریف کی۔ شرکا نے فلم میں اداکاروں کی پرفارمنس، ڈائریکشن، اور فلم کے ناممکن، بااختیار بنانے، اور ثقافتی شناخت پر یقین کرنے کی تصویر کشی کو بھی سراہا۔