سرگودھا میں 7 محرم الحرام کے حوالے سے سرگودھا پولیس کی جانب سے سکیورٹی پلان جاری

52

سرگودھا۔ 03 جولائی (اے پی پی):سرگودھا میں 7 محرم الحرام کے حوالے سے سرگودھا پولیس کی جانب سے سکیورٹی پلان جاری کردیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا محمد صہیب اشرف کی ہدایت پر 7 محرم الحرام کے مرکزی جلوس و مجلس پر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا۔ 7 محرم الحرام کو 241 مجالس اور 79 جلوس برآمد ہوں گے، 7 محرم الحرام پر فول پروف سکیورٹی کیلئےسرگودھا پولیس کی تین ہزار سے زائد نفری تعینات کی گئی ہے۔

شہر کے اندر پانچ جلوس برآمد ہوں گے جن کی سیکیورٹی پر علیحدہ نفری تعینات کی گئی ہے۔ جلوس و مجالس کے داخلی وخارجی راستوں پر واک تھروگیٹس نصب کیے گئے ہیں۔ جلوس میں شامل ہونے والے افراد کی تلاشی بذریعہ میٹل ڈیٹکٹر یقینی بنایا گیا ہے۔

شہرمیں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے متبادل ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے سرگودھا پولیس ہر لمحہ کوشاں ہے ۔ ڈی پی او نے کہا کہ تمام مذہبی اجتماعات کو بلا تفریق فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ پرامن جلوس کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔