وفاقی وزیر ریلوے کی زیر صدارت اجلاس، ڈرائی پورٹس کو آئوٹ سورس کرنے پر غور

39

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت ریلوے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ اہم اجلاس کے دوران ڈرائی پورٹس کی کارکردگی، آمدنی اور صلاحیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مغلپورہ، اسلام آباد اور اضاخیل ڈرائی پورٹس کی آمدن و استعداد پر رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ یہ ڈرائی پورٹس بے پناہ آمدنی کی صلاحیت رکھتی ہیں، انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ محنت اور اصلاحات سے مسافروں کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام ریلوے افسران کو بھی ہدایت کی ریلوے سٹیشنز کے بار بار دورے کریں اور براہ راست مسافروں سے رابطہ قائم کیا جائے۔محمد حنیف عباسی نے واضح کیا کہ تمام ریلوے سٹیشنز اور ٹرینوں میں نصب گیس سلنڈرز اوگرا سے منظور شدہ ہونے چاہئیں۔

انہوں نے سلنڈرز کی چیکنگ مہم کے آغاز کا فیصلہ بھی کیا۔انہوں نے سٹیشن ماسٹرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ جو سٹیشن ماسٹر صفائی، خوبصورتی، ہارٹیکلچر اور دیکھ بھال کے حوالہ سے بہتر کام کرے گا، اسے ذاتی طور پر انعام سے نوازا جائے گا۔