وفاقی وزیر بحری امور سے عمانی سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا

35

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے عمانی سفیر نے ملاقات کی ،اس موقع پر دو طرفہ بحری تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا پاکستان اور عمان کے درمیان سرمایہ کاری کے مواقع پراتفاق کیا گیا ۔ملاقات میں بحری تربیت، تحقیق اور ٹیکنالوجی پر تعاون پر بات چیت ہوئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان عمان کے ساتھ دیرپا شراکت داری چاہتا ہے،عمان کی بندرگاہی مہارت سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

عمانی سفیر نے گوادر بندرگاہ میں کاروباری سرگرمیوں میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔عمانی سفیر نے تجارتی تعاون کی پیشکش کی ،جدید بندرگاہی انتظام اور ساحلی ترقی میں تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے بحری وژن کی ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے عمانی طلبہ کے لئے پاکستان میرین اکیڈمی میں داخلوں کا اعلان کیا۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے عمانی سفیر نے کہا کہ پاکستان میرین اکیڈمی میں عمانی طلبا کے لئے داخلے خوش آئند ہیں۔وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان میرین اکیڈمی کویونیورسٹی کا درجہ دینے کے اقدامات کر رہے ہیں۔