پشاور۔ 03 جولائی (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسرپشاور ہارون رشید خان نےمحرم الحرام کے سلسلے میں سٹی سیکٹر کے ماتمی جلوسوں کے روٹس کا دورہ کر کے ٹریفک نظام سے متعلق کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لیا۔دورہ کے دوران لیفٹیننٹ کرنل عادل محمود اور ایس پی سٹی عتیق شاہ بھی انکے ہمراہ تھے۔چیف ٹریفک آفیسرنے سپریم کمانڈ پوسٹ اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کابلی کا بھی دورہ کیا۔چیف ٹریفک آفیسر نے محرم الحرام کے دوران شہر بھر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے متبادل روٹس پر تعینات نفری سے ملاقات کی۔
انہوں نے ٹریفک پلان پر عملدرآمد سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا جس پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ ٹریفک حکام اور اہلکار ٹریفک پلان پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات کا سامنا نہ ہو، ٹریفک حکام اور اہلکاروں سمیت فورک لفٹرز اور چپس رائیڈرز ہمہ وقت موجود رہیں تاکہ سڑکیں رواں دواں ہوں، شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے متبادل روٹس پر بھاری نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک حکام شہر بھر میں نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی کرنیوالوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائیں، نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی کرنے پر گاڑیوں کو فورک لفٹر کے ذریعے اٹھا کر مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، عشرہ محرم کے دوران حکومتی ہدایات کے مطابق ڈبل سواری کے مرتکب افراد اور کالے شیشوں کا استعمال کرنیوالوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رکھی جائیں،
محرم الحرام کے دوران شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے سوشل میڈیا کے تمام سائٹس اور ایف ایم ریڈیو 88.6 پر باقاعدہ متبادل روٹس بارے آگاہی دی جارہی ہے، ٹریفک افسران اور اہلکار محرم الحرام کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔