خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان

36

پشاور۔ 03 جولائی (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت دیر بالا، دیر زیریں، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم، مہمند، چترال، خیبر، اورکزئی، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش متوقع ہے

جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کابل، سوات اور پنجکوڑہ ندیوں میں شدید بارش کے باعث سیلاب آ سکتا ہے جبکہ صوابی، مردان، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات اور شانگلہ کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ علاوہ ازیں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکوں کی بندش بھی متوقع ہے۔ مون سون کا موجودہ سپیل 5 سے 8 جولائی تک برقرار رہے گا جس کے نتیجے میں آئندہ 2 سے 3 روز تک مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ اس حوالے سے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہناہے کہ 5 سے 10 جولائی کے دوران مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارشیں متوقع ہیں۔ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ، چنیوٹ اور فیصل آباد میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق 7 جولائی سے صوبے کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے کیونکہ حالیہ بارشوں کا سلسلہ مزید کچھ دن جاری رہ سکتا ہے جس سے دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں، ہل ٹورنٹس اور برساتی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

شمالی اور وسطی پنجاب کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ مون سون بارشوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، اب تک ہونے والی شدید بارشوں سے خیبرپختونخوا سمیت دیگر صوبے بھی متاثر ہوئے ہیں جن میں پنجاب اور بلوچستان کے متعدد اضلاع شامل ہیں۔