لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں برطانیہ اور ترکیہ کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے پیچیدہ امراض قلب میں مبتلا 40 بچوں کے مفت آپریشن کیے، ایل آر ایچ انتظامیہ

39

پشاور۔ 03 جولائی (اے پی پی):پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں برطانیہ اور ترکیہ کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے پیچیدہ امراض قلب میں مبتلا 40 بچوں کے مفت آپریشن کیے۔ایل آر ایچ پشاور انتظامیہ کے مطابق امراض قلب میں مبتلا بچوں کے مفت علاج کیلئے برطانوی فلاحی ادارے کی جانب سے بھیجے گئے انٹرنیشنل مشن نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں عارضہ قلب میں مبتلا مستحق بچوں کے آپریشنز کیے۔ترکیہ اور برطانوی سرجنز پر مشتمل 15 رکنی ٹیم نے ایشیا میں آپریشنز کے لیے پاکستان اور بنگلہ دیش کا انتخاب کیا ۔

اس موقع پر بیرون ملک سے آنے والے طبی ماہرین نے کہا کہ ڈاکٹرز نے 40 بچوں کے دل کے پیچیدہ آپریشنز کیے جن میں ایسے بچے بھی شامل تھے جن کے دل میں سوراخ تھا، ان کا پاکستان میں بہت اچھا وقت گزرا اور بچوں کا علاج کرکے ان کو بہت اچھا لگا۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مفت علاج کیلئے صوبے سے 60 مستحق بچوں کا انتخاب کیا گیا جبکہ ہسپتال میں ہونے والے تمام آپریشنز کامیاب رہے۔