راولپنڈی، سی پی او اور ڈپٹی کمشنر کا جلوس و مجالس کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے مختلف مقامات کا دورہ

46

راولپنڈی۔3جولائی (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی اور ڈپٹی کمشنر کمشنر حسن وقار چیمہ نے محرم الحرام کے جلوس و مجالس کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لئے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور ڈیوٹی پر تعینات افسران و اہلکاروں کو چوکنا رہنے کی ہدایات کیں ۔اس موقع پرایس پی راول، ایس پی ہیڈکوارٹرز، ایس ڈی پی اوز، اے ڈی سی جی اور دیگر سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔افسران نے سیف سٹی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔

سی پی او کا کہنا تھا کہ آئندہ چار روز شہر بھر میں مرکزی جلوسوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظانات مکمل ہیں اورراولپنڈی پولیس کے 3500 سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔محرم الحرم کے دوران مجموعی طور پر 8000 سے زائد افسران واہلکار سیکورٹی و ٹریفک کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ سیف سٹی اور دیگر 2000 سے زائد کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔

خالد ہمدانی نے بتایا کہ جلوس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس لگائے گے ہیں اور آنے والے شرکاء کو مکمل باڈی سرچ کے بعد داخلے کی اجازت ہو گی،جلوس کے روٹ کی سرچنگ اور سویپنگ کی جارہی ہے، گلیوں، سڑکوں اور دیگر راستوں کو سیل کیا گیا ہے، محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق اورحکومت پنجاب کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب اورانسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے احکامات کے مطابق فول پروف سکیورٹی انتظامات کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔