سکائی گارڈنز ہائوسنگ پراجیکٹ کے الاٹیوں کو قبضہ ٹرانسفر کرنے کی تقریب، وفاقی وزیر ہائوسنگ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے پلاٹوں کے قبضہ نامے تقسیم کیے

46
سکائی گارڈنز ہائوسنگ پراجیکٹ کے الاٹیوں کو قبضہ ٹرانسفر کرنے کی تقریب، وفاقی وزیر ہائوسنگ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے پلاٹوں کے قبضہ نامے تقسیم کیے

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی(ایف جی ای ایچ اے) نے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے جمعرات کو سکائی گارڈنز ہائوسنگ پراجیکٹ کی سائٹ پر الاٹیوں کو قبضہ ٹرانسفر کرنے کی تقریب کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ نے الاٹیوں کو پلاٹوں کے قبضہ نامے تقسیم کیے۔سکائی گارڈنز ایک مشترکہ منصوبہ ہے جو ایف جی ای ایچ اے اور کامنرز سکائی گارڈن کے مابین 2019ء میں طے پایا تھا۔

یہ منصوبہ نیو مری ایکسپریس وے کے قریب ایک دلکش پہاڑی علاقے میں واقع ہے جس کا رقبہ 11,000 کنال پر مشتمل ہے جن میں سے 7,200 کنال زمین ایف جی ای ایچ اے کو منتقل کی جا چکی ہے۔ یہ منصوبہ بنیادی طور پر 2009 ءکی رکنیت مہم کے تحت رجسٹرڈ وفاقی ملازمین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔منصوبے کو ماضی میں کئی رکاوٹوں کا سامنا رہا جن میں نیب کی تحقیقات اور سپریم کورٹ کی جانچ پڑتال شامل ہیں جس کے باعث تعمیراتی معاہدے میں دو سال کی تاخیر ہوئی تاہم متعلقہ اداروں سے کلیئرنس ملنے کے بعد منصوبے کی ترقیاتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو چکی ہیں۔ پہلے مرحلے میں 80 الاٹیوں کو بلاک A کے 250 کنال پر مشتمل مکمل ترقی یافتہ پلاٹ دیئے گئے ہیں جو تمام قانونی مسائل سے پاک اور تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ ہیں۔

مجموعی طور پر یہ منصوبہ 10 رہائشی بلاکس پر مشتمل ہے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہائوسنگ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک طویل اور مشکل انتظار کے بعد الاٹی اب حقیقی پیش رفت دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے بڑی خوشی اور اطمینان کی بات ہے کہ ایک پرانا وعدہ آج حقیقت بن چکا ہے، میں ان افراد کے دکھ کو محسوس کرتا ہوں جنہوں نے اپنی محنت کی کمائی اس منصوبے میں لگائی اور برسوں بے یقینی کا سامنا کیا، آج ان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے، یہ بارش کا پہلا قطرہ ہے اور مجھے یقین ہے کہ دیگر رکے ہوئے منصوبے بھی اب تیزی سے آگے بڑھیں گے۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ وزارت سنبھالنے کے بعد سے وہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور محکموں سے کرپشن کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے گزشتہ تاخیر اور بدانتظامی کی سختی سے مذمت کی اور اپنی زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ کیا۔ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ میں چھ مرتبہ صوبائی اور قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہوا ہوں، مجھے عوامی ووٹ کی طاقت پر کامل یقین ہے اور میں خدمت خلق کو اپنا مشن سمجھتا ہوں۔ وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ جلد ہی شہداء پولیس اور انٹیلیجنس اداروں کے اہل خانہ کے لیے پلاٹ مختص کرنے کی سمری پیش کی جائے گی تاکہ ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا جا سکے۔

تقریب میں سیکرٹری ہائوسنگ و تعمیرات اور ڈی جی ایف جی ای ایچ اے نے بھی خطاب کیا۔ ڈی جی نے منصوبے کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تین مزید بلاکس دسمبر 2025ء تک قبضہ کے لیے تیار ہو جائیں گے۔ دونوں افسران نے یقین دلایا کہ وزارت اور اس کے ادارے ماضی کی مشکلات پر قابو پانے کے لیے پرعزم ہیں اور شفاف اور موثر سروس ڈلیوری کے ذریعے عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں۔