کوئٹہ۔ 03 جولائی (اے پی پی):وزیر منصوبہ بندی وترقیات بلوچستان میر ظہور احمد بلیدی نے کہاہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کیلئے بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم کوفروغ دینے کی کوشش کررہی ہے ،صوبے کی جامعات میں مادری زبانوں کے فروغ کیلئے لینگوسٹک انسٹیٹیوٹ کا قیام عمل میں لانے پر غور کیاجارہاہے اور مقامی زبانوں کو بطور آپشنل سبجیکٹ پڑھایا جائے گا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میر ظہور احمد بلیدی نے کہاکہ حکومت بلوچستان نیشنل پارٹی اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی رائے کو ہمیشہ بڑی اہمیت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے
لیکن انہیں چاہئے کہ تعلیمی اداروں کے معاملات پر سیاست کرنے اور اس طرح کے پریس کانفرنس کرکے اصل حقائق توڑ مروڑ کرنے کے بجائے ان کے دیرنہ مسائل کے حل کے لئے صوبائی حکومت اور اسمبلی کو تجاویز پیش کریں۔ حکومت بلوچستان نے صوبائی جامعات اور زبانوں کی تدریج و ترویح کے لیے یونیورسٹی فنانس کمیشن کے گرانٹ کو آٹھ ارب تک پہنچایا اور تمام زبانوں کے ایکڈیمیز کے لئے پانچ کروڑ سالانہ گرانٹ مقرر کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت صوبے کے نوجوانوں کے لئے سائنس، آئی ٹی، بزنس، ٹیکنیکل اور اسکلز ایجوکیشن اور دوسرے بین الاقوامی معیار کے عین مطابق جدید تعلم کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے جو کہ ہمارے منشور کا اہم جز ہے۔