محرم الحرام میں امن وامان برقرار ہے،اس میں ضلعی امن کمیٹی کا کردار انتہائی کلیدی ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

28

سیالکوٹ ۔ 03 جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سید ایوب بخاری نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں محرم الحرام کے ایام روایتی امن و امان سے گزر رہے ہیں ،اس میں ضلعی امن کمیٹی کا کردار انتہائی کلیدی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ، مفتی کفایت اللہ شاکر، شیخ آصف، مولانا عبدالغفار، حافظ یامین اور ایوب اوپل کے علاوہ محکمہ اوقاف اور پولیس کے حکام بھی موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سید ایوب بخاری نے کہا کہ تمام مجالس اور ماتمی جلوسوں کا انعقاد پر امن انداز سے جاری ہے اور ضابطہ اخلاق پر مکمل طور پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے پر ضلعی امن کمیٹی کا انتظامیہ کی طرف شکریہ ادا کیا۔کوآرڈینیٹر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء امن و امان کے قیام کیلئے انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ میں ہیں اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علماء اپنا روایتی کردار ادا کرتے رہیں گے تاکہ سیالکوٹ کی پر امن فضا کر برقرار رکھا جا سکے۔