لاہور۔3جولائی (اے پی پی):پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے) جو سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) کے نام سے بھی جانی جاتی ہے نے سی بی ڈی روٹ47 پر پیدل چلنے والوں کے لئے دو اسمارٹ پیڈیسٹرین کراسنگ سسٹمز نصب کرکے عوامی تحفظ کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ترجمان کے مطابق یہ اقدام سی بی ڈی پنجاب کی جانب سے عوام کو محفوظ اور جدید انفراسٹرکچر فراہم کرنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے، نیا پیڈیسٹرین کراسنگ سسٹم بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا گیا اور سی بی ڈی پنجاب کی ٹیکنیکل ٹیم کی جامع تحقیق کے بعد منتخب کیا گیا تاکہ اس کی افادیت اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ترجمان کے مطابق ہر کراسنگ پوائنٹ پر خودکار سگنلز، ایک پش بٹن سسٹم اور سڑک پر لائٹس نصب کی گئی ہیں جو راہگیروں کو سڑک عبور کرنے میں مدد دیتی ہیں
یہ لائٹس زمین میں مضبوطی سے نصب، واٹر پروف اور50 ٹن وزن برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جو ان کی مضبوطی اور پائیداری کا ثبوت ہے۔مزید برآں ہر اسمارٹ پیڈیسٹرین کراسنگ پر ڈیجیٹل اسکرین پینلز بھی نصب کیے گئے ہیں جو آگاہی پیغامات، اسلامی اقوال، قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات اور ٹریفک سیفٹی سے متعلق ہدایات ظاہر کرتے ہیں، یہ اسکرینز وقت اور درجہ حرارت کی حقیقی معلومات بھی فراہم کرتی ہیں جو اس نظام کو مزید جدید اور معلوماتی بناتی ہیں۔ترجمان کے مطابق سی بی ڈی روٹ 47 پر مزید نظم و ضبط پیدا کرنے کے لیے سی بی ڈی پنجاب نے رفتار کنٹرول کرنے والے سپیڈ رڈرز، ڈیجیٹل سپیڈ میٹرز اور رفتار کی حد سے متعلق سائن بورڈز بھی نصب کیے ہیں تاکہ سی بی ڈی روٹ 47 سفر کرنے والوں ٹریفک قوانین سے آگاہ کیا جا سکے۔اس حوالے سے سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین کا کہناکہ عوامی تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے
سی بی ڈی پنجاب مستقبل میں بھی جدید اور اسمارٹ موویبلٹی سسٹمز متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ اقدامات ایک محفوظ اور منظم شہری ماحول کی تشکیل کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتے ہیں،اس منصوبے کے ذریعے سی بی ڈی پنجاب عالمی معیار کا شہری انفراسٹرکچر فراہم کرنے اور لاہور کے بدلتے ہوئے شہر کے منظرنامے میں مثبت کردار ادا کرنے کے اپنے مشن پر گامزن ہے۔