فیصل آباد، 08محرم الحرام کا سیکیورٹی پلان جاری، 165مجالس منعقد، 63 جلوس برآمد ہوں گے،2700 افسران وجوان ڈیوٹی دیں گے

36
فیصل آباد، 08محرم الحرام کا سیکیورٹی پلان جاری، 165مجالس منعقد، 63 جلوس برآمد ہوں گے،2700 افسران وجوان ڈیوٹی دیں گے

فیصل آباد۔ 03 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد پولیس نے 08محرم الحرام کا سیکیورٹی پلان جاری کردیا، 165مجالس منعقد ہوں گی اور 63 جلوس برآمد ہوں گے،ضلع بھر میں2700 سے زائد پولیس افسران وجوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

ترجمان طارق جٹ نے بتایا کہ سٹی پولیس آفیسرصاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر 08محرم الحرام کا سیکیورٹی پلان جاری کردیا گیا۔ضلع بھر میں 165مجالس منعقد ہوں گی اور 63 جلوس برآمد ہوں گے۔لائل پور ڈویژن میں 19 مجالس اور04جلوس ،اقبال ڈویژن میں 43مجالس اور 16 جلوس ،مدینہ ڈویژن میں 24مجالس اور 13 جلوس ، جڑانوالہ ڈویژن میں 47مجالس اور 21 جلوس اور صدر ڈویژن میں 31مجالس اور 09 جلوس برآمد ہوں گے۔

08محرم الحرام کے موقع پر ضلع بھر میں2700 سے زائد پولیس افسران وجوان ڈیوٹی سرانجام دیں گےجس میں 5 ایس پیز ،19 ڈی ایس پیز،12 انسپکٹر ز، 69 سب انسپکٹر ز،387اے ایس آئیز، 138ہیڈ کانسٹیبلان، 2127 کانسٹیبلز و لیڈی کانسٹیبلان شامل ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ 08محرم الحرام کے موقع پر مجالس و جلوس کے روٹ، دھوبی گھاٹ گراؤنڈ کے اردگرد، امام بارگاہوں اور پکٹ ڈیوٹیز سرانجام دیں گے۔

ایلیٹ فورس کی ٹیمیں آٹھوں بازاروں ، راجباہ روڈ، سرکلر روڈمیں گشت کرتی رہیں گی ۔مزیدکسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے دیگر ریزرو فورسز اورنفری پولیس لائن میں موجود رہیں گے۔تمام مجالس وجلوس ہائے کےآغاز سے لے کر اختتام تک امام بارگاہوں اور روٹ جلوس پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئےگئے ہیں ۔

انٹری پوائنٹ پر بھی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے اور بزریعہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے ۔