چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس ،شہریوں کیلئے سپورٹس اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال

36
چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس ،شہریوں کیلئے سپورٹس اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبران، سی او ایم سی آئی، ڈی جی انوائرمنٹ، ڈی جی بلڈنگ اینڈ ہاؤسنگ کنڑول، ڈی جی ورکس، ڈائریکٹر ڈی ایم اے، ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے بیوٹیفکیشن پلان پر عملدرآمد، بلیو ایر یا میں فوڈ سٹریٹ اور پارکنگ پلازہ کو فعال بنانے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مزید موثر بنانے کے علاوہ اسلام آباد کے شہریوں کیلئے سپورٹس اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں اسلام آباد کو اسپورٹس فرینڈلی شہر بنانے کیلئے مختلف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے کے سپورٹس اینڈ کلچر ڈائریکٹوریٹ نے چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر مختلف مقامات پر پانچ پیڈل کورٹس کی اوپن آکشن کی ہے جس سے سی ڈی اے کو ماہانہ 76 لاکھ روپے کی ریکارڈ آمدن حاصل ہوگی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے احکامات کی روشنی میں 25 فٹبال اور 25 کرکٹ گراؤنڈز کے لیے سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ نے جگہ مختص کردی ہے جن پر بتدریج کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ اسی طرح فٹسال کے تین گراونڈز اور ایک انڈور کرکٹ گراونڈ کیلئے بھی جگہ مختص کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں 5 کرکٹ اکیڈمیز کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ بلیو ایریا پیڈسٹرین ٹریک کی تعمیر اور فوڈ کورٹ کا قیام جلد از جلد مکمل کرنے کے علاوہ بہترین ڈیزائن کے پاتھ ویز قائم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلیو ایریا میں پارکنگ پلازہ کا تمام کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ اسکو عوام کی سہولت کیلئے کھولا جاسکے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد میں تمام بڑے اور چھوٹے پارکس خصوصاً ایف نائن پارک اور لیک ویو پارک میں مزید خوبصورت اور جدید لائٹس نصب کرنے کے علاوہ سہولیات میں اضافہ کیا جائے ۔

مزید برآں چیئرمین سی ڈی اے نے ایف نائن پارک میں ڈانسنگ فاؤنٹین لگانے کی تجویز کی منظوری کے ساتھ ساتھ اس پر قانون کے مطابق کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو دنیا کا خوبصورت شہر بنانے، ماحول دوست پودے لگانے اور سیاحت کے فروغ، الیکٹرک بسوں کا اجراء جبکہ کیبل کار، تھیم پارک اور فئیر ویل کے منصوبوں کو قانون کے مطابق حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے جہاں نئی شاہرات اور انڈر پاسسز کی تعمیر کی جارہی ہے وہاں ایکسپریس وے، مارگلہ روڈ، کلب روڈ، پارک روڈ اور فیصل ایونیو کو نہ صرف اپ گریڈ کیا جارہا ہے بلکہ ان شاہراہوں پر لین مارکنگ، فٹ پاتھ کی مرمت، میڈین اسٹرپس، گرین بیلٹس اور رائٹ آف وے کو خوبصورت بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام بڑے راؤنڈ آباؤٹس کی تزئین و آرائش اور اربن فاریسٹ کے منصوبوں کو پانی اور زمین کی آلودگی کم کرنے کیلئے ترجیح دی گئی ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ تزئین و آرائش اور شاہراہوں کو خوبصورت بنانے کے اس منصوبے کے تحت ماڈل شاہراہوں پر ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ کے کام کے ساتھ ساتھ مناسب جگہوں پر موسمی پھول لگائے جارہے ہیں۔ اسی طرح ان شاہراہوں پر خوبصورت پلانٹرز اور لکڑی کی تختیوں کا استعمال کیا جارہا ہے جسے شہریوں کی جانب سے خوب پزیرائی مل رہی ہے۔ اسی طرح ان شاہراہوں پر جدید لائٹنگ کا انتظام بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ چئیرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اسلام آبادکے ہر سیکٹر میں پارکس کی مکمل اپ گریڈیشن کی جائے جسمیں ٹریکس، جھولے، جدید لائٹنگ اور ہارٹیکلچر کے کام شامل ہوں۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ کلب روڈ، فیصل ایونیو، جناح ایونیو، مارگلہ روڈ اور ایکسپریس وےسمیت تمام اہم شاہراہوں پر مستقل بنیادوں پر خوبصورت لائٹس نصب کی جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پودوں کی دیکھ بھال کیلئے اسپرنکلر سسٹم کو مؤثر بنایا جائے تاکہ پودے اپنے مقررہ وقت کے اندر بڑے ہوں۔

اجلاس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو مزید فعال بنانے کے علاوہ جدید مشینری خریدنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ اسلام آباد شہر کی صفائی کے معیار کو مزید بہتر کرنے میں مدد مل سکے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کو ملک کا مثالی شہر بنانے کیلئے سی ڈی اے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ انہوں نےکہا کہ عوام کی رہائشی، سفری، کھیلوں اور تفریحی سہولیات کو بہتر کرنے کیلئے تمام منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا ۔