ایران نے ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے لیے فضائی حدود دوبارہ کھول دیں

46

تہران ۔4جولائی (اے پی پی):ایران نے ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے لیے فضائی حدود دوبارہ کھول دیں ۔ شنہوا کے مطابق سڑکوں اور شہری ترقی کی وزارت نےاپنی فضائی حدود ملکی، غیر ملکی اور بین الاقوامی ٹرانزٹ پروازوں کے لیے دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارت نے اپنی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی منظوری کے ساتھ ساتھ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر سیکورٹی اور حفاظتی جائزوں کے بعد کیا گیا ہے۔

اس میں مزید کہا گیا کہ دارالحکومت تہران کے مہرآباد بین الاقوامی ہوائی اڈے اور امام خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ساتھ ساتھ ملک کے شمالی، مشرقی، مغربی اور جنوبی حصوں، سوائے اصفہان اور تبریز کے ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں۔بیان کے مطابق ملک کی مشرقی فضائی حدود ملکی، غیر ملکی اور بین الاقوامی ٹرانزٹ پروازوں کے لیے چوبیس گھنٹے کھلی ہے، اس کے علاوہ وسطی اور مغربی حصوں کی فضائی حدود بین الاقوامی گزرنے والی پروازوں کے لیے کھلی رہے گی۔وزارت نے یقین دہانی کرائی کہ اصفہان اور تبریز کے ہوائی اڈے انفراسٹرکچر کی تیاری کے فوراً بعد دوبارہ کام شروع کر دیں گے۔