یورپی یونین کا ریل اور آبی گزرگاہوں میں 2.8 ارب یورو کی سرمایہ کاری کا اعلان

54

برسلز۔4جولائی (اے پی پی):یورپی یونین نے ریل اور آبی گزرگاہوں میں 2.8 ارب یورو کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کی رپورٹ کے مطابق یورپی کمیشن نے یورپی علاقوں اور شہروں کو جدید نقل و حمل کے نظام سے بہتر انداز میں جوڑنے کے لئے 94 ٹرانسپورٹ منصوبوں کا انتخاب کیا ہے، جن پر ’’کنیکٹنگ یورپ فیسلٹی‘‘ (سی ای ایف ) کے تحت تقریباً 2.8 ارب یورو کی امداد فراہم کی جائے گی۔یورپی کمیشن کے مطابق یہ منصوبے ٹرانس۔یورپین ٹرانسپورٹ نیٹ ورک (ٹی ای این ۔ٹی) کے تحت ریلوے، داخلی آبی گزرگاہوں اور سمندری راستوں کو جدید بنانے میں مدد دیں گے۔

اس اقدام سے یورپی داخلی منڈی مزید مضبوط اور مسابقت کی حامل بنے گی جبکہ شمال سے جنوب اور مشرق سے مغرب تک خطوں کے درمیان ربط بہتر ہوگا۔حکام کے مطابق ریلوے کے شعبے کو سب سے زیادہ یعنی کل فنڈنگ کا 77 فیصد حصہ فراہم کیا جائے گا، جس کا مقصد بالخصوص متعلقہ ممالک میں’’ ٹی ای این ۔ٹی ‘‘ کے بنیادی اور توسیعی نیٹ ورکس میں اہم انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنا ہے۔ اس ضمن میں بالٹک خطے اور پولینڈ میں ریل بالٹیکا کی تعمیر اور یونان و سلوواکیہ میں ریلوے نظام کی بہتری شامل ہے۔ اس کے علاوہ چیکیا اور پولینڈ میں ہائی سپیڈ ریل لائنز کی ترقی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

مزید یہ کہ یورپی یونین کے 11 رکن ممالک جن میں آسٹریا، جرمنی، ہنگری، اٹلی اور سویڈن شامل ہیں ، میں 46 منصوبوں کے ذریعے یورپی ریل ٹریفک مینجمنٹ سسٹم (ای آر ٹی ایم ایس ) کو ریل گاڑیوں اور پٹریوں پر نافذ کیا جائے گا، جس سے سرحد پار ریل حفاظت اور ہم آہنگی میں بہتری آئے گی۔واضح رہے کہ ’’سی ای ایف‘‘ ٹرانسپورٹ پروگرام (2027۔2021) کے تحت کُل 25.8 ارب یورو مختص کئے گئے ہیں، جو نہ صرف تمام یورپی یونین کے رکن ممالک بلکہ یوکرین اور مالدووا (سی ای ایف سے منسلک ممالک) میں بھی منصوبہ جات کی مالی معاونت کے لئے دستیاب ہیں۔

کمیشن کے مطابق موجودہ منظوری کے بعد اس بجٹ کا 95 فیصد حصہ پہلے ہی مختص کیا جا چکا ہے۔یورپی کمیشن نے بتایا کہ 2014 میں آغاز کے بعد سے اب تک کنیکٹنگ یورپ فیسلٹی کے تحت 1,861 منصوبے (جن میں حالیہ 94 منصوبے بھی شامل ہیں) ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مجموعی طور پر 47.34 ارب یورو کی امداد سے چلائے جا چکے ہیں۔