محرم الحرام ہمیں صبرواستقامت اور قربانی جیسے اعلیٰ اخلاقی اقدار کو اپنانے کی تلقین کرتا ہے،معروف مذہبی سکالر و عالم دین

57

سیالکوٹ۔ 04 جولائی (اے پی پی):ممتاز عالم دین و معروف مذہبی سکالر علامہ سید نجم عباس غضنفر نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں حضرت امام حسینؑ اور ان کے وفادار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے میدانِ کربلا میں حق و صداقت، عدل و انصاف اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امام بارگاہ گلستان زاہرہ چپراڑ میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ان کی شہادت ہمیں سکھاتی ہے کہ باطل کے سامنے جھکنے کے بجائے حق کے لیے ڈٹ جانا ہی اصل کامیابی ہے۔ یہ مہینہ ہمیں صبرواستقامت اور قربانی جیسے اعلیٰ اخلاقی اقدار کو اپنانے کی تلقین کرتا ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ان ایام میں فرقہ واریت، نفرت اور تعصب سے بالاتر ہوکر معاشرے میں امن و اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔

محرم کا پیغام ہر دور کے انسان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آیئے ہم امام حسینؑ کی سیرت کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور اپنے عمل سے ثابت کریں کہ ہم امن ومحبت اور حق کے علمبردار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام کلمہ گو مسلمان ان ایام میں انتہائی عقیدت کے ساتھ اپنی عقیدت کا اظہار کریں ۔