بیجنگ۔4جولائی (اے پی پی):پاکستان ریسرچ سینٹر فار کمیونٹی ود شیئرڈ فیوچر (پی آر سی سی ایس ایف) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالد تیمور اکرم کو چین کے چوتھے سنگھوا ایریا سٹڈیز فورم میں "بیسٹ پیپر پریزنٹیشن ایوارڈ” سے نوازا گیا ہے۔ یہ فورم 2 سے 4 جولائی تک چین کی معروف سنگھوا یونیورسٹی بیجنگ میں منعقد ہوا جس میں 100 ممالک کے 250 سے زائد سکالرز اور ماہرین نے شرکت کی۔
یہ فورم انسٹی ٹیوٹ فار انٹرنیشنل اینڈ ایریا سٹڈیز (آئی آئی اے ایس) کے زیر اہتمام منعقد ہوا ۔ خالد تیمور اکرم کی ’’عالمی جنوب میں جامع نمو کیلئے ڈیجیٹل اکانومی سے استفادہ کرنا‘‘ کے عنوان سے پریزینٹیشن کو 100 ممالک کی 250 پریزینٹیشنز میں سے بہترین قرار دیا گیا۔ اس تین روزہ کانفرنس کا مرکزی موضوع "خطوں سے ماوراء: عالمی جنوب کیلئے ابھرتے ہوئے مسائل” تھا جس میں اہم عالمی چیلنجز پر گفتگو ہوئی۔
4 جولائی کو خالد تیمور اکرم نے نظامت کی اور ’’اقتصادی ترقی: عالمی جنوب کیلئے نئی راہیں اور مستقبل کے امکانات‘‘ کے بارے میں وسیع تر موضوع کے سلسلے میں ’’اقتصادی ناہمواری اور گورننس‘‘ کے عنوان سے پینل میں اپنا مقالہ پیش کیا جس میں عالمی جنوب کیلئے جامع ترقی، ڈیجیٹل اقتصادیات اور قانونی ڈھانچوں کے بارے میں قابل قدر آراء پیش کی گئیں۔ اپنے مقالے میں خالد تیمور اکرم نے جامع ترقی کے لئے ڈیجیٹل مواقع کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مضبوط پالیسی، انفراسٹرکچر اور انسانی وسائل کی ترقی کے ساتھ ٹیکنالوجی کے امتزاج کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
پریزینٹیشن میں ڈیجیٹل بزنس کیس سٹڈیز، تزویراتی سرمایہ کاری، انسانی وسائل کی ترقی اور جدت کے حامل ضابطوں کے ساتھ ساتھ صارفین کے تحفظ جیسے کلیدی موضوعات کا بھی احاطہ کیا گیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل تقسیم جیسے خدشات کو دور کرنے اور ڈیجیٹلائزیشن کے فوائد سے یکساں طور پر مستفید ہونے کے لئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ چوتھے سنگھوا ایریا سٹڈیز فورم کے دیگر اہم موضوعاتی پینلز میں جیوپولیٹکس اور مقامی سیاست، معاشی ترقی، سماجی ترقی اور گورننس چیلنجز، تاریخی تحاریر اور ثقافتی ورثہ، وسائل کا انتظام، بین الاقوامی نقل مکانی اور جامع ترقی کے موضوعات پر مفید تبادلہ خیال ہوا اور مقالہ جات پیش کئے گئے ۔ خالد تیمور اکرم کی یہ کامیابی ہمہ جہت اقتصادی پالیسیوں کی تشکیل میں ان کی عمیق تحقیق اور قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہے اور عالمی جنوب کے لئے باہمی معاون حل کے فروغ کے لئے ان کے عزم کی عکاس ہے۔